بدھ 11 نومبر 2026 - 17:23
حضرت زہرا(س) کی جدوجہد کا اصل مقصد ولایت کا دفاع تھا، سقیفہ میں یہودی کردار کی تحقیق ضروری ہے: آیت اللہ فاضل لنکرانی

حوزہ/ مرکز فقہی ائمہ اطہار(ع) کے سربراہ آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی جدوجہد کا بنیادی مقصد ولایت اور اسلام کے حقیقی راستے کا دفاع تھا۔ آپؑ کی شہادت کو صرف فدک یا مالی حقوق کے معاملے تک محدود کرنا درست نہیں، بلکہ اصل مسئلہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد اسلامی معاشرے کی قیادت کا راستہ تبدیل کرنا تھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز فقہی ائمہ اطہار(ع) کے سربراہ آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی جدوجہد کا بنیادی مقصد ولایت اور اسلام کے حقیقی راستے کا دفاع تھا۔ آپؑ کی شہادت کو صرف فدک یا مالی حقوق کے معاملے تک محدود کرنا درست نہیں، بلکہ اصل مسئلہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد اسلامی معاشرے کی قیادت کا راستہ تبدیل کرنا تھا۔

انہوں نے قم کی طلوع مہر یونیورسٹی میں ایام شہادت حضرت فاطمہ زہرا(س) کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زہرا(س) کی شخصیت کو سمجھنا بذاتِ خود ایک اہم مقصد ہے، کیونکہ آپؑ کی معرفت خدا، دین، نبوت اور امامت کی معرفت سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ آپؑ کی علمی، روحانی اور اخلاقی عظمت کے مختلف پہلوؤں پر تحقیق کی ضرورت ہے۔

آیت اللہ فاضل لنکرانی نے کہا کہ حضرت زہرا(س) نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں اس انحراف کے خلاف آواز بلند کی جس کے نتیجے میں امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کو ان کے مقررہ مقامِ قیادت سے دور کیا گیا۔ فدک اور دیگر حقوق کا معاملہ اس جدوجہد کا مکمل مقصد نہیں تھا، بلکہ اصل مسئلہ ولایت کا دفاع تھا۔

انہوں نے واقعۂ سقیفہ کے تاریخی پس منظر پر تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو صرف چند مہاجرین و انصار کے اجتماع اور فیصلے تک محدود نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اس میں دیگر عناصر کے ممکنہ کردار کا بھی جائزہ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے سقیفہ کے واقعات میں یہودی کردار سے متعلق تاریخی شواہد اور شہید ڈاکٹر پاک نژاد کی کتاب ’’مظلومی گم شدہ در سقیفہ‘‘ کا حوالہ بھی دیا۔

مرکز فقہی ائمہ اطہار(ع) کے سربراہ نے مزید کہا کہ اسلامی حکومت کی بنیاد الٰہی ولایت پر قائم ہے۔ قرآن مجید میں حاکمیت اور ولایت سے متعلق متعدد آیات موجود ہیں اور اسلامی نظامِ حکومت کو سمجھنے کے لیے قرآن و روایات کا جامع مطالعہ ضروری ہے۔ ولایت فقیہ کے مباحث کو بھی محض چند روایات تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے حضرت زہرا(س) کے قرآنی مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روایات اور تفسیری تحقیقات کے مطابق قرآن کریم کی تقریباً 67 سوروں میں آپؑ کی شخصیت سے متعلق آیات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان آیات کو سمجھنے کے لیے اہل بیت(ع) کی تفسیری روایات سے استفادہ کرنا چاہیے۔

آیت اللہ فاضل لنکرانی نے امام خمینیؒ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپؒ نے حضرت فاطمہ زہرا(س) کے غیر معمولی مقام و منزلت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ اگر خداوند متعال رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد کسی کو منصب نبوت عطا کرنا چاہتا تو وہ حضرت فاطمہ زہرا(س) ہوتیں۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ حضرت زہرا(س) کی حقیقی معرفت کے لیے قرآن، نبوت، امامت، عصمت اور ولایت کے معارف کو گہرائی سے سمجھنا ضروری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha